Select Page

پشاور

 

پاکستان کا قدیم شہر اور صوبہ خیبرپختونخوا کا صدر مقام ضلع پشاور کبھی مختلف ثقافتوں اور ادب کا گہوارہ سمجھا جاتا تھا۔ یہاں کے مشہور قصہ خوانی بازار میں قہوے کی چسکیوں کے بیچ لوگ رات گئے تک ملک ملک کے قصبے کہانیاں سنتے تھے لیکن آج یہ شہر بم دھماکوں، خودکش حلوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہے۔ سوویت جنگ، افغان مہاجرین اور نائن الیون نے اس ضلع کی نفسیات اور مزاج پر انتہائی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ یہ دونوں واقعات فوجی ڈکٹیٹروں کے ادوار میں ہوئے جنہوں نے یہاں کے باسیوں کی مرضی کے بغیر اسے جنگ و جدل کا مرکز بنادیا۔ تاہم پشاور کے ادب دوست، زندہ دل اور بہادر لوگ آج بھی اپنی شناخت قائم رکھے ہوئے ہیں۔ بالی وڈ کے سپر اسٹارز دلیپ کمار، راج کمار اور شاہ رخ خان کی جڑیں پشاور شہر میں تلاش کی جاسکتی ہیں۔ پشاور رمضان اور عید جیسے تہواروں پر ملک بھر کی توجہ کا مرکز بنتا ہے جب یہاں عموماً ملک کے دیگر حصوں سے ایک روز پہلے چاند کا اعلان کردیا جاتا ہے۔